آستان قدس کی جانب سے سات لاکھ امدادی پیکیج تقسیم کرنے کا انتظام
اتوار , 05/17/2020 - 8:38
آستان قدس کی جانب سے سات لاکھ امدادی پیکیج تقسیم کرنے کا انتظام
کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ آستان قدس رضوی کی جانب سے تقریبا" سات لاکھ معاشی امدادی پیکج پورے ملک میں ضرورت مندوں کے درمیان ماہ رمضان المبارک کے آخر تک پہنچا دئے جائیں گے۔

  کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے سربراہ"محمد حسین استاد آقا" نے آستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ آستان قدس رضوی کے  متولی نے حکم دیا تھا کہ  آستان قدس کی جانب سے محروموں اور غریبوں  کے لئے بھرپور خدمات فراہم کی جائیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کرامت رضوی فاؤنڈیشن کویہ ذمہ داری سونپی کہ وہ تین سیلاب زدہ صوبوں یعنی سیستان و بلوچستان، کرمان اور خوزستان  کے لئے 82 ہزار معاشی امدادی پیکج تیار کرکے جلد از جلد ضرورت مندوں تک پہنچائیں۔ 
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 32 ہزار معاشی پیکج صوبۂ کرمان اور بقیہ دو صوبوں سیستان وبلوچستان اور خوزستان میں سے ہر ایک کو25 ہزار امدادی پیکج پھیجے جا رہے ہیں۔ 
"استاد آقا" نے  کہا کہ معاشی پیکج کی تیاری اور ان کی پیکنگ تہران میں انجام دی گئیں ہیں اور اس وقت امدادی سامان کو کرمان، اہواز اور زاہدان کی عید گاہوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  انشاءاللہ اگلے ہفتے تک ان شہروں میں ولی فقیہ کے نمائندوں کی موجودگی میں افتتاحی رسومات ادا کی جائیں گی اور اس کے بعد ضرورت مندوں میں امدادی سامان کی  تقسیم کا کام شروع کردیا جائے گا۔ 
انہوں نے پورے ملک کے مخیرحضرات کی اس نیک کام اور مہم میں شرکت کا ذکرکرتے ہوئے بتایا کہ آستان قدس رضوی اس وقت 27 صوبوں میں جو (صوبۂ خراسان رضوی، سیستان و بلوچستان، کرمان اور خوزستان کے علاوہ ہیں) معاشی پیکج تقسیم کرنے کے کام میں مشغول ہے۔
کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے سربراہ  نے یہ بھی بتایا کہ   امام رضا (ع) کے خدام بھی ، انہیں دنوں میں  پورے ملک میں ڈیڑھ لاکھ معاشی پیکج  تیار کرنے اور اس کی تقسیم کے کام میں مشغول ہیں۔
انہوں نے مشہد میں جاری امدادی کام کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ ڈیڑھ لاکھ غذائی اجناس کے تھیلے اور اس کے علاوہ  مختصر افطاری کے ایک لاکھ پیکٹس بھی آستان قدس کی طرف سے تیارکر کے صوبۂ خراسان میں تقسیم کے لئے آمادہ کئے جارہے ہیں۔ ان کی تیاری اور پیکنگ میں یونیورسٹی اور کالجوں کے طلبا مدد کررہے ہیں۔    
استاد آقا کا کہنا تھا کہ یہ سارے پیکج چارمختلف تنظیموں یعنی ادارۂ صحت، امداد امام خمینی (رح) کمیٹی، ہلال احمر اور رضاکار گروہوں سے ملنے والی اطلاعات کی روشنی میں انجام دی جارہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب تک روزانہ دس ہزار روٹیاں ضرورت مندوں کو افطار کے لئے پکا کر تقسیم کی جاچکی ہیں اور اسی طرح روزانہ بیس ہزار پکے ہوئے گرم اور تازہ کھانے کے پیکٹس مشہد کے بے بضاعت اور محتاج لوگوں میں تقسیم کئے جاتےہیں ۔
 کرامت رضوی فاؤندیشن کے سربراہ نے کہا کہ امداد کے طور پر معاشی پیکج جو آستان قدس رضوی کی طرف سے تقسیم کئے گئے ہیں ان کی قیمت 100 ارب تومان یا باسٹھ لاکھ ڈالر بنتی ہے۔ ان میں سے 65 ارب تومان آستان قدس کی طرف سے خرچ ہوئے ہیں اور 35 ارب تومان رضاکار خدام نے اور مختلف رفاہی انجمنوں کی طرف سے مہیا کئے گئے ہیں۔ 
کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے سربراہ نے کہا کہ ان سب کے علاوہ آستان قدس رضوی نے غذائی اجناس کی پیکنگ اور گرم اور تازہ کھانوں کی تقسیم کے سلسلے میں مختلف عوامی انجمنوں کی بھی مدد لی ہے۔  
 

ماخذ :