حضرت امام رضا علیہ السلام کی شب ولادت باسعادت میں حرم مطہررضوی سراپا جشن و نور و سرور
جمعہ , 07/03/2020 - 12:50
آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارہ حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی شب ولادت باسعادت میں آپ کی نورانی بارگاہ کے تمام صحنوں کو زائرین و مجاورین کی موجودگی میں انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا اور پورے حرم مطہر کی شاندار چراغانی کی گئی تھی جبکہ امام رؤف کی شب ولادت باسعادت میں حرم کے اندر پھول بھی برسائے گئے ۔

آستان نیوز کے مطابق  حرم مطہر رضوی کے تمام صحن  ان زائرین اور مجاورین سے مملو اور چھلک رہے تھے جو کورونا وائرس کی وبا کے حالات میں    حفظان صحت کے تمام اصولوں اور سماجی فاصلوں کی رعایت کرتے ہوئے حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کو    ان   کی ولادت با سعادت کی مبارک باد پیش کرنے کے لئے    حرم میں   حاضر ہوئے تھے  ۔ 
  امام رضا علیہ السلام کی شب ولادت باسعادت کی مناسبت سے  حرم مطہر رضوی میں    متعدد خصوصی پروگرام منعقد کئے گئے جن میں    قرائت قرآن مجید،     زیارت امین اللہ  کی قرائت    اور  معروف شعرائے کرام کے ذریعے قصیدہ خوانی کے پروگرام  بھی  شامل ہيں    
اس نورانی شب میں بارگاہ امام رضا علیہ السلام کے خادم نقارہ خانہ میں جمع ہوئے  اور مولا کے سنہری گنبد کی طرف رخ کر کے نقارے اور طبل  بجا کر حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت  سے امام زمانہ (عج)  کی خدمت میں مبارک باد پیش کی۔ 
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس سال حرم مطہر رضوی میں ہر سال کی طرح تو پھول نہيں برسائے گئے  تاہم    زائرین و مجاورین  کی غیر موجودگی میں  حرم کے خدام کی شرکت سے    حرم مطہر کے امام خمینی(رہ) ہال میں  پھول برسانے کی معنوی تقریب منعقد ہوئی 
اس روایتی تقریب  کے دوران  حرم مطہر رضوی کے خادموں نے ضریح مطہر کے قریب پہنچ کر   حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی بارگاہ اقدس میں پھول پیش کئے اور امام ہشتم علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی    حضرت ولی عصر (عج) ارواحناہ فداہ  کی خدمت میں مبارک  باد پیش کی۔ 
حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شب ولادت کا خصوصی جشن   ایران کے وقت کے مطابق جمعرات کو  شام چھ بجے شروع ہوا  جو   رات دس بج کر پینتالیس منٹ تک جاری رہا  
اس پرمسرت اور معنوی  شب   کے نایاب اور قیمتی لمحات میں سنہری گنبد کے پرچم اور ضریح مطہر کے غلاف کی تبدیلی بھی  ہے جنہیں نقاروں کی آواز میں تبدیل کیا گیا    اس موقع پر  ایران کے معروف  مداح اور شاعر  محمد رضا طاہری نے امام  رضا علیہ السلام کی خدمت میں منظوم گلہائے عقیدت پیش کئے 
شب ولادت کے  تمام پروگراموں کو حرم مطہر میں نصب بڑی بڑی  اسکرینوں  پر دکھایا جارہا تھا اس کے علاوہ رضوی ٹی وی پر بھی یہ پروگرام  لائیو دیکھا گیا، جشن ولادت کے  پروگراموں کی جھلکیاں  قومی ٹی وی چینلوں اور حرم رضوی کے انسٹاگرام پیچ @razavi_aqr_ir پر بھی براہ راست نشر کی گئيں 
 

ماخذ :