آستان قدس کے ادارہ نوجوانان کی کارکردگی ایک کامیاب نمونہ ہے نائب متولی آستان قدس
جمعرات , 06/03/2021 - 23:03
آستان قدس  کے ادارہ  نوجوانان کی کارکردگی ایک کامیاب نمونہ ہے نائب متولی آستان قدس
آستان قدس رضوی کے نائب متولی نے کہا کہ آستان قدس رضوی کا نوجوانوں کا ادارہ نوجوانوں کی کارکردگی کے اظہار کا کامیاب نمونہ ہے اور اس کی سرگرمی اور فعالیت قومی اور بین الاقوامی میدانوں میں ایک بڑی تحریک کا آغاز ہوگی

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نائب متولی  ڈاکٹر مالک رحمتی نے آستان قدس رضوی کے نوجوانوں سے متعلق ادارے کا دورہ کرکے  اس ادارے  کی سرگرمیوں اور پروگراموں کا نزدیک سے جائزہ لیا۔
انہوں نے اس  موقع   پر اس ادارے کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا: ایسے ادارے کا وجود میں آنا جو خصوصی طور پرنوجوانوں کی سرگرمیوں سے متعلق ہو ، آستان قدس رضوی کا ایک گرانقدراقدام ہے ۔ 
آستان قدس کے نائب متولی رحمتی نے اس سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی  اور آستان قدس رضوی کے متولی کی خاص دلچسپی  کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: رہبر معظم  نے ہمیشہ ہی اس بات پر تاکید کی ہے کہ ملک کے مختلف میدانوں میں تجربہ کار افراد کے ساتھ ساتھ نوجوانوں اور جوانوں پر اعتماد کرنا بھی بہت اہم ہے کیونکہ جوان نسل ملک کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے کی قوت محرکہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ رہبر معظم کے ان بیانات سے واضح ہوجاتا ہے کہ اس سلسلے میں ہمارا نظریہ کیا ہونا چاہیۓ ۔ 
نائب متولی رحمتی نے یہ بھی کہا کہ یہی نظریہ اور خیال آستان قدس کے متولی کا بھی ہے اور جوانوں ونوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت کے علاوہ ان کی توانائیوں ، نظریات اور تجاویز کو اہمیت دینے اور ان پر کام کرنے پر بھی ان کی تاکید رہتی ہے۔ 

جوانوں پر توجہ ، ملک کی آج کی ضرورت ہے
آستان قدس کے نائب متولی نے کہا:  آج ایران اور  عالم اسلام کو موجودہ بحرانوں پر قابو پانے کے لئے جس چیز کی ضرورت ہے وہ  با استعداد اور توانا جوانوں اور نوجوانوں کی تربیت  اور انہیں  بڑی بڑی تبدیلیوں کے لیۓ آمادہ کرنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آستان قدس کےنوجوانوں کے ادارے نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے   اس میدان میں  مکمل علمی  انداز میں قدم رکھا ہے اور اس کے انتہائی مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں ۔
انہوں نے یہ بھی کہا  کہ ہمیں امید ہے کہ مستقبل قریب میں یہ ادارہ بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر نمایاں اقدامات  کرتا نظر آئے گا۔ 
آستان قدس کے نائب متولی  نے مزید کہا : آج ہماری نوجوان نسل دشمن کے متعدد حربوں اور فریب کاریوں  کے مقابلے میں بالکل تنہا اور بے دفاع  ہے  لہذا    اس خلاء کو پر کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں آستان قدس کے جوانوں کا ادارہ  جو کام کررہا ہے  وہ  جدید آلات  و طریقوں  کو استعمال کرتے ہوئے، پوری آشنائی اور باریک بینی سے کام کر رہا  ہے اور یقینا"  یہ کام موجودہ مشکلات کو حل کرنے اور خلاء کو پر کرنے،  نیز جوانوں کے دلوں میں امید پیدا کرنے میں مؤثر ثابت ہوگا۔ 
" لامتناہی ہوجاؤ"  نامی تربیتی پروگرام  کے عمدہ نتائج
آستان قدس کے نائب رحمتی نے اسی طرح " لامتناہی ہوجاؤ"  پروگرام  کے نتائج  کو مثبت بتاتے ہوئے  کہا : اس پروگرام میں بیس سال تک  کی عمر کے ایک لاکھ بیس ہزار نوجوانوں نے حصّہ لیا ہے جن میں  سے دس ہزار  نوجوانوں نے اس پروگرام کے تمام مراحل کو طے کرلیا ہے ، یہ دراصل ایک اعلی ہدف کا حصول ہے اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اپنے معاشرے کی باریک بینی سے شناخت اور  اس ذریعے سے مناسب پروگراموں کو پیش کرکے ہی بڑے اہداف تک پہنچا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا : اس ٹریننگ میں تمام دینی تعلیمات ، اصول و فروع دین اور جو کچھ  ایک شخص کی معنوی  رشد و ترقی کے لیۓ ضروری  ہے ، 45 دنوں کے عرصے میں وہ سب کچھ پیش کیا جاتا ہے۔ یہ ایک اہم کام ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اسی کیفیت کے ساتھ جاری رہے گا اور ملک کے اندر اور باہر ہم اس کو پھیلتے اور آگے بڑھتے دیکھیں گے۔ اور یہ تعلیمات دنیا کی مختلف زبانوں میں معنویت اور اسلامی تعلیمات میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں تک پہنچائی جاسکیں گی ۔
جناب رحمتی نے یہ بھی کہا : ہم نے دیکھا ہے کہ جب بھی اور جس میدان میں بھی کام کو انقلابی ، ذمہ دار ، ماہر اور مخلص  نوجوانوں کے سپرد کیا گیا ہے ، ہمیشہ اس کے  مثبت اور بہترین نتائج حاصل ہوئے ہیں ۔ اسلامی انقلاب کی کامیابی میں بھی  نوجوانوں کا مرکزی کردار رہا ہے ۔ آٹھ  سالہ مقدس دفاع مقدس میں بھی ہمارے یہ مخلص اور مؤمن نوجوان ہی تھے جنہوں نے حیرت انگیز طور پر جنگ کو فتح تک پہنچایا۔  اسی طرح  علمی، سائنسی، فوجی اور ثقافتی میدانوں میں جہاں بھی کام کو نوجوانوں کے سپرد کیا گیا ، نتائج مثبت رہے۔ 
اسی بنا پر کہہ سکتے ہیں کہ ان اہم ذمہ داریوں  کو نبھانے کے لیۓ ضروری ہے کہ نوجوانوں  میں  گہرا  دینی عقیدہ ، مہارت اور فکری و ذہنی لحاظ سے ایک منسجم و منظم  نظام  ہو۔ الحمد اللہ یہ ادارہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو جامۂ عمل پہنا رہا ہے ۔
یہ بھی بتاتے چلیں کہ آستان قدس کے نائب متولی نے جوانوں سے متعلق ادارے  کا دورہ کرتے ہوئے "زیر سایۂ خورشید " نامی جشن کے چودھویں مرحلے  کے سکریٹیریٹ  کی سرگرمیوں  کا بھی معائنہ کیا  اور اس کے منصوبوں  اور پروگراموں کو نزدیک سے دیکھا۔