حرم امام رضا(ع) میں زیارت کے لئے نیشنل ورکنگ گروپ کے اجلاس کا انعقاد

ہفتہ , 01/08/2022 - 22:24
حرم امام رضا(ع) میں زیارت کے لئے نیشنل ورکنگ گروپ کے اجلاس کا انعقاد
زیارت کے امور میں سہولیات فراہم کرنے والے نیشنل ورکنگ گروپ کا اجلاس امام رضا(ع) کے حرم میں منعقدہوا جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدراورحرم کے متولی نے شرکت کی

آستان نیوز کے مطابق صدرابراہیم رئیسی ،صوبہ خراسان میں تعینات رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے  ، حکومتی کابینہ کے ارکارن اور صوبہ خراسان رضوی کےصوبائی عہدیداروں  کی موجودگی میں زیارت کے  لئے سہولیات فراہم کرنے والے  نیشنل ورکنگ گروپ کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا 
اس موقع پرامام رضا(ع)  کے حرم کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہراء (س)  کے ایام  شہادت کی مناسبت سے سے تعزیت  پیش کی اور زیارت کو اہلبیت اطہار(ع) کی نسبت مسلمانوں کی محبت و عشق کا مظہر قرار دیا  
انہوں نے کہا کہ  صدرایران جناب ابراہیم  رئیسی  زیارت کو زیادہ سے زیادہ فروغ  دینے پر خاص  توجہ دیتے ہيں اور ہم حضرت  امام  رضا(ع) کی نورانی بارگاہ میں زیارت کے سلسلے میں اجلاس منعقد   کرانے پر ان کا  شکریہ ادا کرتے ہیں اور مجھے امید ہے کہ اس ورکنگ گروپ کے انعقاد سے ہر شخص کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس مقامات کی زیارت کے مواقع فراہم ہوں گے۔ 
حضرت امام علی رضا(ع) کی نورانی و ملکوتی بارگاہ کے متولی نے حرم رضوی اور امامزادوں کے مزارات کو انسانوں کی سعادت و خوشبختی کا چراغ راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ زیارت کے نیشنل ورکنگ گروپ کے ذریعہ زیارت کے فروغ  کے لئے مؤثر اقدامات انجام دئے جائیں گے اور تمام عاشقان اہلبیت(ع) پیغمبر(ص) کے لئے زیارت کے مراحل کو آسان بنایا جائے گا۔ 
مشہد مقدس کے امام جمعہ اور صوبہ خراسان  میں تعینات رہبر انقلاب اسلامی  کے نمائندہ آیت اللہ سید احمد علم الھدیٰ نے بھی  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں صدرمملکت  کی شرکت سے پتہ چلتا ہے کہ وہ زیارت کو فروغ دینے کو  کتنی اہمیت  دیتے ہيں ۔
 انہوں نے کہا کہ  زیارت کے سلسلے میں حکومت کی سنجیدگی سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر زائرین کو بہتر خدمات ملیں گی    
اجلاس میں صوبہ فارس اورصوبہ  خراسان رضوی کے متعلقہ  عہدیداروں  اور کابینہ کے اراکین کی جانب سے ثقافتی ،  تعمیراتی  ، اور ٹرانسپورٹ  کے امور سے متعلق  زائرین کو  آسانیاں فراہم کئے جانےکے بارے میں اہم نکات بیان کئے گئے